فیس بک کا بہترین اور موثر استعمال

جب میں نے 2010میں پہلی بار بہت سے لوگوں سے فیس بک کا ذکر سنا، اس وقت عمومی طور پر سب اس کو تصاویر اور چیٹنگ کیلیے استعمال کر رہے تھے۔ کافی عرصہ تو میں نے اس پر کوئی خاص توجہ نہیں دی 2013 میں اپنا فیس بک اکاؤنٹ بنا کر اس کو وقت دینا شروع کر دیا تھا۔ پھر اپنے سکول کا پیج بنا کر اس پر بچوں کی سکول میں ہونے والی سرگرمیوں کی تصاویر اور ویڈیوز شئیر کرنا شروع کر دی تھیں۔ اس طرح وہ بچے جو 10سال قبل ون کلاس میں داخل ہوئے اور اب میٹرک کرکے کالج میں جا چکے ہیں ان کے بچپن کی تصاویر پیج پر موجو ہیں اور ان کیلیے بہترین یادگار اثاثہ ہیں۔

وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ اندازہ ہوا کہ فیس بک نے تمام ملکوں اور مذاہب کے لوگوں ایک پلیٹ فارم پر جمع کرکے ایک بہت بڑی اور نئی دنیا تشکیل دے دی ہے ۔ آپ اپنے ملک میں بیٹھ کر دوسرے ممالک کے لوگوں سے دوستی کر سکتے ہیں اور ان کی تہذیب و ثقافت کےبارے میں جان سکتے ہیں۔ کچھ لوگوں کا تو فیس بک کی دوستی سے ہی ہمیشہ کیلیے شادی کے بندھن بھی قائم ہو گیا اور بعض لوگ کو اچھی پوسٹیں نہ کرنے اور اپنے پروفائل کو میچور اور بہترین نہ بنانے کی وجہ سے اچھے رشتوں سے انکار کا سامنا کرنا پڑا۔

فیس بک اس وقت علم حاصل کرنے کا بہت بڑا ذریعہ بن چکا ہے۔ میں نے فیس بک کے Paidگروپس سے کئی طرح کی سکلز سیکھی ہیں اور دوسروں کو سکھانے کیلیے خود بھی کچھ گروپس بنائے اور ان سے اچھی آمدنی حاصل کی۔ اس طرح فیس بک علم حاصل کرنے کے علاوہ دنیا بھر کے لوگوں کی ایک بڑی تعداد کیلیے پیسہ کمانے کا بھی ایک بہت بڑا ذریعہ ہے۔اس سے اب لاکھوں لوگ بہترین ارننگ کر رہے ہیں اور دوسرے کاموں کو چھوڑ کر صرف فیس بک سے کما رہے ہیں۔ فیس بک کے ذریعے کاروباری لوگ اپنے بزنس کو مزید ترقی دے سکتے ہیں۔ فیس بک پر خود بھی مارکیٹنگ کی جا سکتی ہے اور جو لوگ اس کام کیلیے اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں ان سے بھی استفادہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔

فیس بک کا ایک اچھا آپشن مارکیٹ پلیس ہے جہاں کوئی بھی بزنس مین اپنی پروڈکٹس کی تفصیلات اور قیمتیں وغیرہ دے کر آن لائن فروخت کر سکتے ہیں۔ رئیل اسٹیٹ کاروبار کی مارکیٹنگ کیلیے اس وقت بہترین آپشن فیس بک ہے۔ تمام کاروباری حضرات کو یہ آپشن ضرور سیکھنا اور استعمال کرنا چاہیے۔ اس میں آپ کی آن لائن شاپ بغیر کسی کرایہ کے بن جاتی ہے، جہاں آپ کا خرچہ نہیں ہوتا اور پرافٹ زیادہ ہو سکتا ہے۔ اگر کوئی شخص بے روزگار ہے تو وہ کسی کاروبار کی مارکیٹنگ کر کے کمیشن پر کام کر سکتا ہے۔

کاروبار کیلیے فیس بک پر پیج بنا کر اس کی مارکیٹنگ اور پروموشن کی جا سکتی ہے۔کچھ لوگ وقتی طور پر اپنا فیس بک پیج تو بنا لیتے ہیں لیکن ان کو اس چیز کی سمجھ نہیں آتی کہ اس کو پروموٹ کیسے کرنا ہے یا پوسٹیں کیسے بنانی ہیں اور پھر ان کو Boost کیسے کرنا ہے ان چیزوں کو تھوڑا وقت اورپیسہ لگا کر سیکھا جا سکتا ہے۔ پیج کی کچھ سیٹنگ کرنا ضروری ہوتی ہیں ورنہ فیس بک اس کو اہمیت نہیں دیتا جیسے بزنس لوگو، URL اور کیٹیگری وغیرہ۔ فیس بک ایڈ ایک پاور ہے اس کو ہر فیس بک صارف کو سیکھنا چاہیے۔

فیسبک کے بے شمار فیچرز میں سے ایک گروپ کا فیچر ہے ۔ گروپ پبلک اور پرائیویٹ دو طرح کے ہوتے ہیں۔ پبلک گروپس کی پوسٹس عام طور پر سب کو نظر آتی ہیں جبکہ پرائیویٹ گروپ کی پوسٹس صرف اس گروپ کے ممبرز کو ہی نظر آتی ہیں اور ممبرشپ ملنے بعد ہی دیکھی جا سکتی ہیں۔ پرائیویٹ گروپ کے اس آپشن کو استعمال کرتے ہوئے ہزاروں ہنر مند افراد دوسروں کو سکھا کر فیس بک سے اچھی خاصی ارننگ کر رہے ہیں۔

فیس بک کے پروفائل اور پیجز اب مونیٹائز بھی ہو رہے ہیں۔ یعنی ان کے ذریعے YouTube کی طرح بہترین ارننگ ممکن ہے۔ پاکستانیوں کے عمومی رویوں کی وجہ سے پاکستان میں ہر کام دیر سے شروع ہوتا ہے ۔ پاکستان میں ابھی صرف سٹار کا آپشن شروع ہوا ہے اگر آپ کسی کو سٹار دیتے ہیں تو آپ کے اکاؤنٹ میں سے کچھ رقم اس کے اکاؤنٹ میں شفٹ ہو جاتی ہے۔ اس کی مثال ایک کیش تحفے کی طرح ہے جیسے آپ کسی مقرر یا نعت خواں کو خوش ہو کر کچھ ہدیہ پیش کرتے ہیں۔

فیس بک کا مثبت استعمال کسی بھی فرد کیلیے بہت موثر ثابت ہو سکتا ہے بشرطیکہ اس کو سنجیدگی اور اچھی سوچ کے تحت استعمال کیا جائے۔ اس سے سیکھا جائے یا دوسروں کو اچھی بات سکھائی جائے۔ ایک صاحب مجھ سے کہ رہے تھے کہ میں اگر اپنی فیس بک پروفائل کو دیکھوں تو مجھے اپنے گزشتہ دنوں پر افسوس ہوتا ہے۔ میں اب ان چیزوں کو ڈیلیٹ بھی نہیں کر سکتا کیونکہ وہ آگے شئیر ہو کر پھیل چکی ہیں۔ یاد رکھیں ہر بندہ اپنی شئیر کردہ چیز کا ذمہ دار ہے۔ جھوٹ، شر، فتنہ انگیزی اور لڑائی جھگڑے کو پھیلا کر شیطان کا ساتھ مت دیں ۔ نیکی اور نیک کام کرنے والوں کا ساتھ دے کر اچھی باتوں کو شئیر کریں اور اپنی فیس بک کو صرف اچھے کاموں کیلیے استعمال کریں۔ بری فحش اور گندی چیزوں کو رپورٹ کیا کریں اس کا بھی ضرور اثر پڑے گا۔